Chitral Times

22nd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہر ضلع میں سیٹلائٹ ٹاؤن اورخپل کورسکیم کے لئے22اگست تک مطلوبہ اراضی کی نشاندہی کی جائے ۔ڈاکٹر امجد

August 1, 2017 at 9:36 pm

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی خان نے تمام ضلعی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق “اپنا گھر سب کے لئے” منصوبے کے تحت ہر ضلع میں سیٹلائٹ ٹاؤن اور خپل کورسستی ہاؤسنگ سکیم کے قیام کے لئے22اگست2017تک 5سو تا20ہزار کنال اراضی کی نشاندہی کرکے پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کوبھجوائیں تاکہ اس سلسلے میں بلاتاخیر پیش رفت کرکے لوگوں کو درپیش رہا ئش کا سنگین مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز کوہاٹ میں ضلعی سطح پر سیٹلائٹ ٹاؤن اور خپل کورسستی ہاؤسنگ سکیم کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے ،ضلع ناظم کوہاٹ نسیم آفریدی،ہنگو، کرک اوربنوں کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اور دوسرے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ حکام کو مزکورہ ہاؤسنگ پراجیکٹس کی اہمیت اور چیدہ چیدہ پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ شرکاء اجلاس نے بھی اس اہم منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے مفید تجاویز دیئے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں20لاکھ84ہزار5سو10 گھروں کی کمی ہے جس میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ہر سال اضافہ ہو رہاہے جس سے موثر طورپر نمٹنے کے لئے صوبے کے مختلف شہروں میں بڑے بڑے معیاری اور سستی رہائشی منصوبے زیر غور ہیں جن میں ضلعی سطح پر سیٹلائٹ ٹاؤن اور خپل کورسستی ہاؤسنگ سکیم کا قیام سرفہرست ہیں۔ ڈاکٹرامجد نے کہا کہ عوام کو اپنا مکان بنانے کے لئے بنک فنانسنگ کا بھی اہتما م کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ2014 ء تک ہاؤسنگ ایک ڈیڈ محکمہ تھا جسے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے فعال کرکے ریونیو دینے والا محکمہ بنا دیاہے اور انشاء اللہ آئندہ چند سالوں میں یہ محکمہ پورے صوبے کو چلانے کے لئے کافی ہوگا۔

Translate »
error: Content is protected !!