Chitral Times

23rd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شندورپولو فیسٹیول 29جولائی سے منعقد ہوگا، فائنل کے دن وزیر اعظم کی شرکت متوقع

July 13, 2017 at 9:40 pm

تین روزہ فیسٹیول میں چترال سمیت گلگت بلتستان کی پولو ٹیمیں شرکت کرینگی، اختتامی تقریب 31جولائی کو منعقد ہوگی ، پولوفیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ سمیت علاقائی ہنرمندوں اورثقافت کو بھی فروغ دیا جائیگا۔
فیسٹیول سے قبل گراؤنڈ کی تزہین و آرائش،پانی کی سپلائی، ثقافتی اشیاء کے سٹالز،ٹرانسپورٹ کا انتظام ،سیاحوں اور وی وی آئی پیز کیلئے خصوصی انتظامات ،کلچرل نائٹ اور دیگرامور اجلاس میں زیرغورآئیں
پشاور/چترال( نمائندگان چترال ٹائمز)ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام شندورپولو فیسٹیول 29جولائی سے شروع ہوگا جبکہ31جولائی کو اختتامی تقریب منعقد ہوگی، تین روزہ فیسٹیول میں کلچرل نائٹ سمیت علاقائی ہنرمندوں اورعلاقائی ثقافت کے فروغ کیلئے مختلف پروگرام بھی تشکیل دیئے جائینگے ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت ، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امورنوجوانان محمد طارق نے گزشتہ روز زیرصدارت منعقدہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمدخان، سینئر جنرل منیجر سید حیات علی شاہ، جنرل منیجر ایڈمن اینڈپراپرٹیز سجاد حمید،ڈائریکٹر کلچر اجمل خان، جنرل منیجر ٹی آئی سی محمد علی سید اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طارق نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول گزشتہ سال کی نسبت مزید احسن طریقے سے منعقد کیا جائے گا اوراس میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ چترال ، پاک فوج اور دیگر اداروں کا بھی تعاون حاصل رہے گا ، ہماری کوشش ہے کہ امسال شندور پولو فیسٹیول میں ملکی سیاحوں کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاح بھی گزشتہ سال کی نسبت زیادہ شرکت کریں تاکہ اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے سمیت چترال میں سیاحت فروغ پا سکے، اس موقع پر انہوں نے فیسٹیول میں ٹینٹ ویلیج کے قیام ، پولو گراؤنڈ کی تزہین و آرائش، واٹرسپلائی ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے احکامات جاری کئے،ان کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال شندور پولو فیسٹیول کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال کی ٹیموں نے شرکت کی، اجلاس میں فیسٹیول سے متعلق سہولیات جن میں پانی کی سپلائی، ملکی سطح پر فیسٹیول کی رونمائی، پمفلٹ اور براؤشرز کی چھپائی، انفراسٹرکچر جس میں سڑکیں اور دیگر راستوں کی تعمیر،گراؤنڈ کی تزہین وآرائش و لیولنگ،پاور سپلائی جنریٹر،ٹیلیفون کنکشن،ٹرانسپورٹ، الیکٹرانک میڈیا کی کوریج،کھانے پینے کا انتظام،سیکورٹی،لوکل ٹرانسپورٹ ،سیاحوں اوروی وی آئی پیز کیلئے ہیلی کاپٹر یا دیگر ٹرانسپورٹ سروسز ،شام کے اوقات میں کلچر نائٹ، میوزیک فیسٹیول، آتش بازی وغیرہ،دن میں پیراگلائیڈنگ، چترال ڈانس اور دیگر پرفارمنس،فوڈسٹالز،چترال اور گلگت کی مقامی ثقافتی اشیاء کے سٹالزاور دیگر اہم امور زیر غورآئے ، ان تمام امور کی مکمل تکمیل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیا گیاجبکہ ساتھ ہی فیسٹیول کے دنوں میں اورفیسٹیول کے بعدشندورمیدان کی صفائی کے کام کیلئے مقامی تنظیم کی خدمات حاصل کرنا اور گلگت بلتستان کے پولوکھلاڑیوں اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنا نا ہے ۔
یادرہے کہ فائنل کے دن وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی آمد متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک دن کیلئے وزیر اعظم چترال کا دورہ کرینگے ،۔ شندور فیسٹول میں شرکت کے ساتھ چترال کے مختلف میگاپراجیکٹس لواری ٹنل ، گولین گول106میگاواٹ، گیس پلانٹس، گرم چشمہ ، کالاش ویلیز اور مستوج روڈ ودیگر وفاقی منصوبوں کا بھی افتتاح کرینگے۔
دریں اثنا کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل نظام الدین شاہ کی ہدایت پر چترال سکاوٹس کے جوانوں نے شندور پولو گراونڈ کی تزوئین و آرائش کا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ اور ساتھ ضروری سامان بھی شندور پہنچانے کاکام جاری ہے۔

Translate »
error: Content is protected !!