Chitral Times

22nd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال ایکسپریس ایوارڈ کی تقریب ، ایم پی اے فوزیہ مہمان خصوصی

July 9, 2017 at 9:32 pm

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)  چترال ایکسپریس کی تیسری سالگرہ کے موقع پر صحافیوں میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں چترال میں صحافت اور کالم نگاری کے ساتھ منسلک افراد کو کارکردگی ایوارڈ دئیے گئے جن میں ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی کو آل ٹائمز بیسٹ رائٹر ، محمد صابر کو ایمرجنگ بیسٹ رائٹر (مردانہ)، ثوبیہ کامران کو ایمرجنگ بیسٹ رائٹر (زنانہ) اور محمد جاوید حیات کو لائف اچیومنٹ ایوارڈ دئیے گئے۔ چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن بی بی فوزیہ اوریونیورسٹی آف چترال کے پراجیکٹ ڈائرکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے ایوارڈ دیافتگان میں ایوارڈ تقسیم کئے ۔ صحافت کے شعبے میں بیسٹ نیوز رپورٹر کا ایوارڈ ظہیرالدین کو ، کمیونٹی میٹرز کے لئے محکم الدین کو ، لینگویج اینڈ کلچرکے لئے الحاج محمد خان اور بیسٹ سپورٹس رپورٹنگ کے لئے جمشید احمد کو ایوارڈ دئیے گئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم پی اے بی بی فوزیہ نے چترال ایکسپریس کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس کے لکھنے والے متوازن اور غیر جانبدرانہ خیالات اور اراء پیش کرتے ہیں جبکہ اس کی باقاعدگی سے رپورٹنگ کی وجہ سے اس کا ریڈر چترال کے اندر رونما ہونے والے چھوٹے سے چھوٹے واقعات سے باخبر رہتے ہیں۔ یوینورسٹی آف چترال کے پراجیکٹ ڈائرکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے چترال ایکسپریس کی طرف سے ایوارڈز کے اجراء کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سے علاقے میں لکھنے والوں کو حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے یونیورسٹی آف چترال کے زیر اہتمام لکھنے والوں کے لئے تربیتی ورکشاپ منعقدکرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر سرتاج احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی ، پروفیسر شمس النظر فاطمی، مولانگاہ نگاہ، فخر الدین اخونزادہ، محمد زمان ساگر، پروفیسر محمد دوست، ہدایت اللہ، فرید احمد رضا اور دوسروں نے بھی ایوارڈ اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے ۔ چترال ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر بشیر حسین آزاد اور ٹیکنیکل ایڈوائزر محمد نیاب فارانی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ایوارڈ کے لئے چناؤ کمیٹی کے ارکان جاوید اقبال، فرید احمد رضا، عطا حسین اطہر اور ظہور الحق دانش کابھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Translate »
error: Content is protected !!