Chitral Times

16th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور کلرز کے باہمی تعاون سے یوتھ نعت خوانی مقابلہ

June 24, 2017 at 4:22 am

چترال (محکم الدین ) ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور کلرز کے باہمی تعاون سے چترال میں یوتھ نعت خوانی مقابلہ ضلع کونسل ہال چترال میں منعقد ہوا ۔ جس میں ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ مہمان خصوصی ،ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور صدر محفل اور اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم اعزازی مہمان تھے ۔ جبکہ پروگرام کے آرگنائزر مہتاب ضیاب تھے ۔ جیوری کے فرائض مولانا اسرار الدین الہلال ، مولانا حافظ خوشولی خان اورقاری فضل اعظم نے انجام دی ۔ مقابلے میں چترال کے سر کاری اور پرائیویٹ سکولوں و مدرسوں کے بارہ طلباء نے پہلی نشست میں حصہ لیا ۔ جس میں شاہ سفیرالدین جامعہ اسلامیہ ریحانکوٹ نے پہلی ، عدنان یوسف گورنمنٹ ہائی سکول ایون نے دوسری اور وقاص اسد الحکمت ایجوکیشن اکیڈیمی جغور نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ جبکہ عظمت الدین ، ارباز نعیم نے فرنٹیر پبلک سکول ، آفاق احمد ،محمد زوہیب نے تریچمیر پبلک سکول ،حماد بشیر اور محمد فہیم نے ڈائمنڈ پبلک سکول ، وجاہت اللہ نے گورنمنٹ مڈل سکول جغور ، سیف الرحمن ، فرقان اویس نے چترال پبلک سکول کی نمایندگی کی ۔ نعت خوانی کے دوسرے مرحلے میں دیگر نعت خوانوں نے بھی حصہ لیا ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ضلع ناظم چترال نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ اللہ پاک نے ہمیں خیر اُمت کی صورت میں کلمہ طیبہ کے ساتھ پیدا کیا ۔ اور روزوں میں اللہ اور اسُکے رسول کی خوشنودی کے حصول کیلئے اس قسم کی بابرکت محافل انتہائی اہمیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ گو کہ اس موقع پر سیاسی گفتگو مناسب نہیں ۔ لیکن مجھے مجبورا یہ بات کرنی پڑ رہی ہے ۔ کہ دینی قوتوں کے اتفاق و اتحاد سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے قیام سے بعض لوگوں کے پیٹ میں بہت زیادہ مروڑ ہے ۔ اور وہ مختلف طریقوں سے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جس طرح رسول پاک نے عبداللہ بن اُبی کی منافقت سے باخبر ہونے کے باوجود اُس کے ساتھ گزارہ کیا ۔ اسی طرح ہم اپنے ان بھائیوں کے بُغض کے ادراک کے باوجود ان کے ساتھ چلیں گے ۔ اور انشا اللہ بدخواہوں کو ناکامی ہوگی ۔ اگرچہ چترال انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وہ آیندہ بھی اس قسم کے محافل کی سرپرستی کریں گے ۔ انہوں بہتریں محفل نعت خوانی منعقد کرنے پر مہتاب ضیاب کی تعریف کی ۔ضلع نائب ناظم نے کہا ۔ کہ ہمارے معاشرے میں نوجوانوں کو صرف سپورٹس تک محدود کردیا گیا ہے ۔ اور ہم نے پہلی مرتبہ اُن کو سپورٹس کے ساتھ ساتھ نعت خوانی کی طرف راغب کیا ہے ۔ اور آیندہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر نگرانی کوئز اور دیگر معلوماتی پروگرام یوتھ کیلئے منعقد کئے جائیں گے ۔ تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کیا جا سکے ۔ اعزازی مہمان اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم نے کہا ۔ کہ انسانوں کے اندر تاریکیوں کو دور کرنے کیلئے اللہ پاک نے اپنے نبی کو مبعوث کیا ۔ اور اپنی عظیم کتاب قرآن جو انسانوں کیلئے ضابطہ حیات ہے نازل فرمایا ۔ جو بھی انسان نبی پاک کی زندگی اور قرآن کو اپنا مشعل راہ بنائے گا ۔ وہ کامیاب ہو گا ۔

پروگرام کے اختتام پر نعت خوانی میں حصہ لینے والے کامیاب طلبہ میں شیلڈ اور ٹرافی تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر مہتمم مدرسہ ضیاء القرآن مولانا اسرار الدین الہلال نے ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالاکرم اور صحافیوں میں قرآن پاک کے نسخے تقسیم کئے ۔ پروگرام کے آخر میں نعت خوانی میں بھر پور دلچسپی لینے پر کلرز کے چیف مہتاب ضیاب نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔

Translate »
error: Content is protected !!