Chitral Times

20th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قوم نہال ہوگئی…. محمد شریف شکیب

June 21, 2017 at 10:56 pm

مجھ سمیت پوری قوم سرفراز اور ان کی ٹیم کی شکرگذار ہے کہ انہوں نے آئی سی سی ٹرافی کے فائنل تک پہلی بار رسائی حاصل کی اور روایتی حریف بھارت کو 180رنز کے بڑے مارجن سے عبرت ناک شکست دے کر قوم کا سر فخر دے بلند کردیا۔ ماہ صیام میں شدید گرمی اور اوپر سے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے پوری قوم کو ہلکان کردیا ہے۔ بجلی جب آتی ہے تو ٹی وی دیکھنے کو جی نہیں چاہتا۔ کیونکہ وہاں پانامہ کیس، جے آئی ٹی کی انکوائری، حکومتی ترجمانوں اور مخالفین کے متنازعہ بیانات اور دشنام طرازیوں سے پوری قوم بیزار ہوچکی ہے۔ مہنگائی کا جن ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کے قابو میں آ نہیں رہا۔ دودھ میں کیمکل کی ملاوٹ،چائے میں لکڑی کے برادے، چنے کے چھلکے کی ملاوٹ، مصالحہ جات میں اینٹیں پیس کر ملانے کی باتیں بچپن سے سنتے آرہے تھے اور یہ چیزیں کھانے اور پینے کے ہم اتنے عادی ہوچکے ہیں اب تو یہ عالم ہے کہ کوئی خالص چیز حلق سے اترے تو پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگتا ہے۔دل خراب ہوتا ہے۔ ٹھنڈے پسینے آتے ہیں۔اور ذہن میں برے برے خیالات آتے اور بھیانک قسم کے خواب دکھائی دیتے ہیں۔اور اب یہ صدائے باز گشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ تربوز میں رنگ اور خربوزے میں شکر کا رس انجکشن کے ذریعے ملایا جاتا ہے۔ ہیرے جواہرات کے دام بکنے والے پھل بھی اب خالص نہیں رہے۔ ان سب پریشانیوں میں مبتلا قوم کو چند لمحوں کے لئے بھی مسکرانے کا موقع مل جائے تو غنیمت ہے۔ کرکٹ کے اس اہم ترین بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اگر سری لنکا، انگلینڈ ، جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کا مقابلہ ہوتا۔ تو شایدچند گھنٹوں بعد ہم یہ خوشی بھول چکے ہوتے۔پاکستان اور بھارت کا مقابلہ کسی بھی سطح پر ہو۔ تو سنسنی خیز اور دلچسپ ہوتا ہے۔ اس بار پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے بھارت جیسی مضبوط ٹیم کوچاروں شانے چت کرکے ہمیں بھارتیوں کے سینے مین مونگ دلنے کا موقع فراہم کیا۔ ہمارے لڑکوں نے کھیل کے تینوں شعبوں میں روایتی حریف کو آوٹ کلاس کردیا۔ جس کا اعتراف خود بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا دن تھا۔ اورجو دن پاکستان کا ہو۔ اس دن دنیا کی کوئی بھی ٹیم اسے نہیں ہرا سکتی۔پاکستان کے ہاتھوں تاریخی شکست کے بعد نہ صرف ویرات کوہلی کی کپتانی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے بلکہ انتہا پسند ہندووں کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے خاندانوں کو بھی جان کے لالے پڑگئے ہیں۔ کوہلی، دھونی، جدیجہ اور روہیت شرما کے گھروں پر پولیس کی اضافی سیکورٹی لگادی گئی ہے۔ کہتے ہیں کہ سو دن ساس کے ۔ تو ایک دن بہو کا۔۔ ہمیں بہو والا دن آج مل گیا ہے۔ اور خوشی کے اس موقع کو بھرپور طریقے سے منانا ہمارا حق بنتا ہے۔ حالانکہ اسی روز ہاکی لیگ کے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں سات گولوں سے عبرت ناک شکست ہوئی۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل بھی ہے۔ اور پھر مقابلہ بھارت سے ہو۔ اور ایسی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے تو یہ دکھ دوآتشہ ہوتا ہے۔ مگر کرکٹ میں فتح کی خوشی اتنی زیادہ تھی کہ ہم نے ہاکی میں شرمناک شکست کی بھی پروا نہیں کی۔پاکستان کی فتح پر سارے لوگ ہی شادمان تھے۔ آرمی چیف جنرل باجوہ نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کیا۔کھلاڑیوں پر انعام و اکرام کی بارش ہونے لگی ہے۔ بحریہ ٹاون کے مالک نے فخر زمان کو فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار سنچری بنانے پر ایک کینال کا پلاٹ اور بیس لاکھ
روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ بول ٹی وی نے بھی ٹیم کے لئے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔یہ کوئی انہونی بات نہیں۔ شارجہ کپ کے فائنل میں جاوید میاں داد کو بھی بھارت کے خلاف چھکالگاکر میچ جیتے پر کروڑوں روپے کے انعامات ملے تھے۔انعام و اکرام کا یہ سلسلہ اس حوالے سے بھی خوش آئند ہے کہ کھلاڑیوں کو میچ جیتنے پر پرکشش انعامات ملیں گے تو انہیں میچ ہارنے کے لئے جواریوں سے پیسے لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی یوں میچ اور سپاٹ فکسنگ کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔گرین شرٹس کی طرف سے آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا قوم کو ایک بڑا فائدہ یہ بھی ملا۔ کہ سیاسی شعبدہ بازیوں کی خبروں، الزامات کے مقابلوں اور ٹی وی گیم شوز سے کچھ عرصے کے لئے قوم کو نجات مل گئی۔جس کے لئے پوری قوم سرفراز اور ان کے لڑکوں کی مشکور ہے۔

Translate »
error: Content is protected !!