Chitral Times

22nd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری محکموں کے اخراجات پر قابو پانے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے ۔۔مظفر سید ایڈوکیٹ

May 29, 2017 at 3:18 am

پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کے اخراجات پر قابو پانے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس سے خزانے پر بوجھ کم کرکے عوام کے لئے ترقیاتی منصوبوں میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کے مد میں اخراجات کو کم کرنے کے لئے طریقہ کار وضع کرنے سے محکمہ خزانہ کو کافی بچت ہونے کے ساتھ ساتھ افسران کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے غور و خوض جاری ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرکے صوبے کو بھی معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے (موٹی نائزیشن ) سرکاری اہلکاروں کے لئے مراعات و سہولیات کے لئے بنائے گئے ورکنگ گروپ کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایس ایم بی آر ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، سپیشل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سمیت ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اس دوران سرکاری گاڑیوں کے استعمال سے غیر ضروری اخراجات کو کم کرکے بچت اور خزانہ کا حجم بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز و آراء اور سفارشات پیش کی گئیں ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور غیر ضروری اخراجات کا راستہ ہر صورت روکنا پڑے گا تاکہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں اضافہ اور جائز مراعات دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی ریلیف فراہم ہو سکے کیونکہ عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کی حیثیت سے ہمارا فرض بنتا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات خدمت خلق کے جذبے سے محنت کرکے دیگر ذاتی ترجیحات کو پس پشت ڈال کر دونوں جہانوں میں سرخرو ہونا ہے ۔ اجلاس میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کے لئے رہائشی سہولیات فراہمی کے حوالے سے بھی سیر حاصل بحث ہوئی جس کے ثمرات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

Translate »
error: Content is protected !!