Chitral Times

22nd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ پولیس کی اپ گریڈیشن کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔مظفر سید ایڈوکیٹ

May 26, 2017 at 9:53 pm

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کی اپ گریڈیشن کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کو منظوری کیلئے بہت جلد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا پولیس کی مراعات کو پنجاب پولیس کے برابر کرنے کیلئے پہلے ہی اعلان کیا تھا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے محکمہ خزانہ کی طرف سے کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی اور بحیثیت وزیر خزانہ ہر صورت پولیس کو ان کا جائز حق دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن کی سفارشات میں کانسٹبل کے لئے 5سے7سکیل،ہیڈ کانسٹبل کے لئے7سے9سکیل جبکہ اے ایس آئی کے لئے 9سے12سکیل کی تجاویز شامل ہیں جس پر تقریباً 900ملین روپے سالانہ خرچہ آئے گا۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس کے لئے شہداء پیکج پر بھی نظر ثانی کر کے سفارشات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر معدنیات انیسہ زیب طاہر خیلی کی زیر صدارت، محکمہ پولیس کے لئے ذیلی کمیٹی برائے کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی مشتاق احمد غنی،سیکرٹری داخلہ سراج احمد خان،سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد ادریس مروت،ڈپٹی سیکرٹری خزانہ اور کمیٹی کے سیکرٹری ڈی آئی جی سلیم مروت سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس کی اپ گریڈیشن کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے کی منظوری کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جاری ہیں جس کا اعلان بہت جلد متوقع ہے۔وزیر خزانہ نے پولیس کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے سے ہی امن کا قیام ،جرائم کا خاتمہ اور شرپسند عناصر کی بیخ کنی ممکن ہو سکے گی کیونکہ یہ معاشرے میں برے اثرات روکنے کے لئے صف اول کے دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کے بدلے محکمہ خزانہ دستیاب وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ پولیس کو مراعات دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Translate »
error: Content is protected !!