Chitral Times

20th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ ، چترال سکاوٹس اور چترال لیویز فائنل میں پہنچنے میں کامیاب

May 24, 2017 at 9:33 pm

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) بدھ کے روز کھیلے گئے ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ دیکھنے کے لئے چترال بھر سے ہزاروں شائقین پولو نے جنالی کو کھچا کھچ بھردیا اور پولو گراونڈ کی نصف میل کے قریب وسعت اور لمبائی کے باوجود کئی شایقین میچ نہ دیکھ سکے۔ چترال کے چار معروف ومشہور ٹیموں چترال سکاوٹس، چترال پولیس، سب ڈویژن مستوج اور ڈسٹرکٹ لیویز کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے شائقین پولو ضلعے کے طول وعرض سے ان دلچسپ میچوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچ گئے تھے۔


سیمی فائنل کے پہلے میچ میں سب ڈویژن مستوج کو چترال لیویز کی ٹیم نے 5کے مقابلے میں 8گولوں سے شکست دے دی۔ ہاف ٹائم تک میچ دو دو گولوں سے برابر تھی اور ایک انتہائی سنسنی خیز میچ دیکھنے میں آئی لیکن میچ کے آخری لمحات میں چترال لیویز کو یکے بعد دیگرے تین گولوں کی برتری حاصل ہوئی۔سب ڈویژن مستوج ٹیم کی قیادت حسب سابق شہزادہ سکندر الملک کررہے تھے۔ تاہم سب ڈویژن مستوج کے بعض سینئرکھلاڑی جن میں حکیم سرور، ناصر اللہ ، رضا خان چترال پولیس کی طرف سے کھیل رہے تھے۔


اسی طرح دوسرے میچ میں دوروایتی حریفوں چترال سکاوٹس اور چترال پولیس کے درمیان گھمسان کا رن پڑ ااور ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملوں کے ذریعے تماشائیوں کا خون گرماتے رہے اور مردانہ وار مقابلہ کرنے کے باوجود چترال پولیس کے کھلاڑی چترال سکاوٹس کے تجربہ کار کھلاڑیوں کی حکمت عملی کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے اور میچ کے آخر میں سکور بورڈ پر چترال سکاوٹس 11اور چترال پولیس 6تھی۔


سیمی فائنل کھیلوں کے مہمان خصوصی ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ تھے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر شہاب حامد یوسفزئی ، ڈی پی او علی اکبر ، اسسٹنٹ کمشنرز چترال و مستوج کے علاوہ فوجی و سول حکام بھی موجود تھے۔پہلے میچ کا گیند ڈی پی او علی اکبر نے جبکہ دوسرے میچ کا گیند پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سیکریٹری بلدیات رحمت غازی نے پھینکا۔ میچ کے پہلے ہاف میں چترال سکاوٹس کا ایک کھلاڑی زخمی بھی ہوا تاہم دوسرے ہاف میں دوبارہ کھیل میں حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جمعرات کے روز چترال سکاوٹس اور چترال لیویز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Translate »
error: Content is protected !!