Chitral Times

18th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ٹورازم کارپوریشن اورورلڈبینک کے تعاون سے سیاحتی مقامات پر بینچز نصب

May 19, 2017 at 6:44 pm

چترال ( چترال ٹائمز رپورٹ)ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال کرنے اور سیاحوں کوسہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کردیئے، اس سلسلے میں چترال کے علاقہ وادی کیلاش میں ورلڈ بینک کے پراجیکٹ اقتصافی بحالی برائے خیبرپختونخوا اور فاٹااورٹورازم کارپوریشن کے باہمی تعاون سے وادی کے سیاحتی مقامات ، میوزیم اور دیگر علاقوں میں سیاحوں کے آرام کیلئے بینچز نصب کئے گئے تاہم اسکے ساتھ ساتھ کیلاش کی خوبصورتی بحال کرنے اور عبادت گاہوں سمیت وادی کی صفائی کیلئے ٹورازم کارپوریشن نے مقامی سکول کے بچوں کے ہمراہ صفائی مہم کابھی آغاز کیا جس میں وادی کیلاش کے مقامی سکول کے بچوں نے حصہ لیا اور مختلف مقامات پر پڑے گنداور کچرے کو ٹھکانے لگایا

اس موقع پر جنرل منیجر ٹورازم انفارمیشن سنٹر محمد علی سید اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے صفائی مہم میں حصہ لیا، مہم کے اختتام پر ان بچوں میں ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے مفت کتابیں ،سامان اور انعامات تقسیم کئے ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اوراقتصادی بحالی برائے خیبرپختونخوا اورفاٹاکے باہمی اشتراک سے صوبہ کے سیاحتی مقامات پر بینچز اور کوڑے دانوں کی تنصیب کا سلسلہ شروع ہے اور اس سلسلے میں کیلاش میں سیاحوں کو آمد کے پیش نظر کیلاش ویلی میں وادی بریر ، رمبور اور بمبوریت میوزیم میں 20 بینچز لگائے گئے تاکہ سیاحوں کو سیاحتی دورے کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، ٹورازم کارپوریشن نے کیلاش قبیلے کے مذہبی تہوار کے دوران سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج بھی بنائی جس میں صوبہ بھر سے آنے والے صحافیوں ،ملکی و بین الاقوامی سیاحوں اور دیگر افراد نے قیام کیا ،اس موقع پر سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے کیلئے ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تاکہ سیاحوں کو ان سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکیں۔

Translate »
error: Content is protected !!