Chitral Times

18th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال ، دیر اور باجوڑ سکاوٹس پر مشتمل فرنٹئیر کور کے ناردرن سیکٹر کے سپائیوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ، کورکمانڈر پشاور لیفٹنٹ جنرل نذیر احمد بٹ مہمان خصوصی تھے

May 18, 2017 at 10:19 pm

دروش (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال سکاوٹس، دیر سکاوٹس اور باجوڑ سکاوٹس پر مشتمل فرنٹیر کو ر کے ناردرن سیکٹر کے 479سپاہیوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ جمعرات کے روز دروش چھاونی میں منعقدہوئی جس میں 11کور پشاور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ مہمان خصوصی تھے جبکہ انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور میجر جنرل شاہین مظہر، جنرل افیسر کمانڈنگ میجرجنرل علی عامر اعوان اور چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل نظام الدین شاہ بھی موجود تھے۔

chitral scouts parade

پاس آوٹ ہونے والے سپاہیوں کے حلف وفاداری اٹھانے کے بعد کور کمانڈر مختلف شعبوں میں نمایان کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے اور پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرنٹئر کور سے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آوٹ ہونے والے سپاہیوں کو سربکف ہوکر نعرہ حیدری بلند کرنے اور سجدہ شبیری بجالانے کی تربیت دی جاتی ہے اور میدان عمل میں اترنے والے ان سپاہیوں کی بہادری وشجاعت سے بھری کارناموں سے تاریخ بھری پڑی ہے ۔

کور کمانڈر نے کہاکہ اس وقت ملک اپنی تاریخ کے نازک ترین موڑپہ کھڑی ہے اور خطے میں اہم تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں اور فرنٹئر کور سے پاس آوٹ ہونے والا ہر جوان کواس کے لئے بھر پور تیار رہتے ہوئے پیشہ ورانہ اور ذمہ درانہ سوچ سے منفی قوتوں کے خلاف مورچہ زن ہونا ہے جس میں ملکی اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے دہشت گردی کی ناسور نے ملک پر حملہ آور ہوکر اس کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی مذموم کوشش کی ہے لیکن پاکستانی قوم اور پاک فوج پرعزم ہے کہ اس ناسور کا مکمل طور پر صفایا کردیا جائے گا۔ا نہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ کھٹن اور مشکل تربیت کے بعد پاک فوج کا حصہ بننے جارہے ہیں اور بلاشبہ قوم کو ان پر فخر ہے اور انہیں جذبہ حب الوطنی اور جذبہ خدمت وحفاظت کو سامنے رکھتے ہوئے سپہ گری کی اس پیشے کا آغاز کرنا ہے۔

اس سے قبل کور کمانڈر نے فائرنگ میں بہترین کارکردگی پر باجوڑ سکاوٹس کے جمعہ خان ، فزیکل ٹریننگ میں نمایان کارکردگی پر چترال سکاوٹس کے سید اشرف حسین شاہ، تعلیمی سرگرمیوں کے لئے باجوڑ سکاوٹس کے زاہد اللہ اور دیر سکاوٹس کے رضوان کو کارکردگی کا اعزاز سے نوازا جبکہ چترال سکاوٹس کے احسان اللہ کو کمانڈنٹ کی خصوصی چھڑی اور باجوڑ سکاوٹس کے امتیاز احمد کو آئی جی ایف سی کی خصوصی شمشیر دی گئی۔

تقریب میں مغززین شہر بھی کثیر تعداد میں موجود تھے جبکہ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے تقریب میں شرکت کی۔

Translate »
error: Content is protected !!