Chitral Times

22nd August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال ، خورکشاندہ پل کی دوسری دفعہ افتتاح ، صوبائی وزیر محمود خان نے پل اور مستجاپاندہ میں یوتھ سنٹر کا افتتاح کیا۔

May 14, 2017 at 11:11 pm

چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) صوبائی وزیر برائے کھیل،ثقافت، امور نوجوانان اور پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر ملاکنڈ محمود خان نے خورکشاندہ میں ایک پل کا افتتاح کیا جس پر دو کروڑ روپے کی لاگت آئی اس کے بعد انہوں نے مستجاپاندہ گاؤں میں یوتھ سنٹر کا بھی افتتاح کیا جس پر تین کروڑ روپے لاگت آئی۔ یادرہے کہ خورکشاندہ پل کی یہ دوسری دفعہ افتتاح ہے۔
اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عبد الطیف نے کہا کہ ہماری حکومت نے چھ میگا واٹ سے زیادہ پن بجلی گھر تعمیرکئے ہیں اسی طرح چترال میں گیارہ عدد آر سی سی پل تعمیر کئے جو سابقہ حکومت میں اتنے نہیں ہوئے۔ اسی طرح چترال میں یونیورسٹی، ایون میں ڈگری کالج، سکولوں، سڑکوں کی تعمیر پر بھی کافی حد تک کام ہوا ہے۔

محمود خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی اصلاح کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ چترال کے خورکشاندہ میں انصاف سپورٹس کے نام سے یوتھ سنٹر کا افتتاح کیا گیا انہوں کہا کہ چترال ایک ایسا ضلع ہے جس کی ثقافت نہایت ذرحیز ہے اور ہزاروں سالوں سے یہاں آباد کیلاش قبیلے کے لوگ دنیا بھر میں مشہور ہیں ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیلا ش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چیلم جوش کی میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی جاتی تو انہوں نے وفاقی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیلاش کی ثقافت اور ان کی ان رسومات کو میڈیا کے ذریعے دنیا بھر کو دکھانے میں ہمارا ہی فائدہ ہے جس سے سیاحت فروغ پائے گا اور اگر چند افراد کی خوشنودی کیلئے اس تہوار کی میڈیا کوریج پر پابندی لگی تو باہر کے دنیا کو کیسے پتہ چلے گا کہ یہاں کیا ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے وزار ت داخلہ سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وادی کیلاش میں جاری مذہبی تہوار چیلم جوش کی کوریج کیلئے میڈیا کو مکمل طور پر نہ صرف آزادی دی جائے بلکہ ان کے ساتھ تعاون بھی کرے تاکہ اس سے ہماری سیاحت کو فروغ مل سکے۔

 

رضیت باللہ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ چترال میں کریڈٹ لینے کی چکر میں بعض لوگ جلد بازی کا بھی مظاہر ہ کرتے ہیں کیونکہ اسی پل کیلئے فنڈ تو صوبائی حکومت نے دیا ہے مگر چند روز قبل اس کا فیتہ ہمارے ضلع ناظم نے بھی کاٹا تھا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

دیگر مقررین نے کہا کہ اس یوتھ سنٹر میں نوجوانوں کو کھیل کود اور پریکٹس کرنے کا موقع ملے گا اور ایک صحت مند ذہن کے لوگ صحت مند اور مثبت سوچتے ہیں اور منفی سرگرمیوں سے اجتناب کرتے ہیں۔ تقریب سے رحمت غازی، رکن صوبائی اسمبلی بی بی فوزیہ ، شہزادہ سیف صلاح الدین سینئر نائب صدر کے علاوہ حیات اللہ، نے بھی اظہار حیال کیا۔ تقریب میں علاقے سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پل کی افتتاح کی خوشی میں لوگو ں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

Translate »
error: Content is protected !!