Chitral Times

20th August 2017

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

این ڈبلیو ایف ڈرگ رولز 1982میں ترامیم کی منظوری۔

May 12, 2017 at 9:32 pm

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا حکومت نے این ڈبلیو ایف ڈرگ رولز 1982میں ترامیم کر دی ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ڈرگ ایکٹ1976کے سیکشن 44کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے محکمہ صحت کی طرف سے ڈرگ رولز میں تجویز کردہ ترامیم کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جس کا گزٹ نوٹیفیکیشن بھی جاری کرد یا گیا۔ڈرگ رولز میں ان ترامیم کا مقصد ان رولز کو موجودہ وقت کی ضروریات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے صوبے کے عوام کیلئے میعاری ادویات کے حصول کو ممکن بنانا ہے۔ان ترامیم کے ذریعے صوبے میں میڈ یکل اسٹورز، فارمیسی شاپس اور ادویات کے ہول سیل اسٹورز چلانے کے ساتھ ساتھ ادویات کی خرید و فروخت کیلئے نئے قواعد و ضوابط وضع کئے گئے ہیں۔ نئے قواعد و ضوابط کی رو سے میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی چلانے والے شخص کیلئے متعلقہ ادارے سے لائسنس یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ فارمیسی کے شعبے میں گریجویٹ یا ڈپلومہ ہولڈر ہونا لازمی قرارد یاگیا ہے جبکہ ہول سیل اسٹورز میں صرف فارمیسی گریجویٹ اور لائسنس یافتہ شخص لین دین کا اہل ہو گا۔ جس وقت بھی میڈ یکل اسٹورز ، فارمیسی اور ہو ل سیل اسٹور کھلا رہے گا وہاں پر مذکورہ بالا اہلیت کے حامل شخص کی موجودگی لازمی ہو گی۔نئے ترامیم کے ذریعے ادویہ ساز کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ صر ف اُن میڈیکل اسٹورز ،فارمیسی شاپس اور ہول سیل اسٹورز کو ادویات سپلائی کریں گے جہاں پر متعلقہ شعبے کا کوالیفائیڈ شخص ادویات بیچنے کا کام کرتا ہو۔میڈیکل اسٹورز، فارمیسی اور ہول سیل اسٹورز چلانے والوں پر لازم ہو گا کہ وہ اپنا لائسنس اور رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ اسٹورز میں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ نئی ترامیم میں میڈیکل اسٹورز، فارمیسی شاپس اور ہول سیل اسٹورز کیلئے لازمی قرار دیا گیا کہ ان کی ساخت ،سائز اور بناؤٹ رولز میں درج معیار کے عین مطابق ہونگے ،وہ موسمی اثرات سے یعنی دھوپ، بارش اور دھول کے اثرات سے محفوظ ہونگے، وہاں پر صفائی کا خاص اہتمام ہو گا اور حساس قسم کی ادویات کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے مناسب درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کیلئے خاص انتظام ہو گا۔فارما سسٹس کو اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص نوعیت کی ادویات کو مستند ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر کسی کو بھی فروخت نہیں کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں میڈیکل اسٹورز ،فارمیسی شاپس اور ہول سیل اسٹورز کے مخصوص رنگت کے سائن بورڈز کی تنصیب کو بھی لازمی قرار دیا گیاہے جس کے مطابق میڈیکل اسٹورز کے سائن بورڈکا رنگ سبز بمعہ سفید لکھائی، فارمیسی کے سائن بورڈ کا رنگ سرخ بمعہ سفید لکھائی جبکہ ہول سیل اسٹورز کے سائن بورڈ کا رنگ نیلا بمعہ کالی لکھائی لازمی ہو گی۔نئے ترامیم کے ذریعے اضلاع میں تعینات ڈرگ انسپکٹرز کو بھی اس بات کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ فارماسسٹس کو مقررہ وقت کے اندر لائسنس جاری کریں گے اور مقررہ وقت کے اندر لائسنس کی تجدید بھی کریں گے ۔واضح رہے کہ ڈرگ ایکٹ مجریہ 1976کے سیکشن 44کے تحت ڈرگ رولز بنانے اور اُن میں ترامیم کا اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہے۔

Back to Conversion Tool

Translate »
error: Content is protected !!